نئی دہلی،24 /اگست (آئی این ایس انڈیا) کورونا وائرس کی وبا کے مابین امتحانات کے انعقاد کے بارے میں تنازعہ بڑھتا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ کے NEET اور JEE مین امتحانات کے انعقاد کی منظوری کے بعد بھی JEE مین اور NEET امتحانات ملتوی کرنے کا مستقل مطالبہ کیا جارہا ہے۔
مہاراشٹر میں بھی انجینئرنگ کے امتحانات ملتوی کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔ لیکن سپریم کورٹ نے مہاراشٹر میں انجینئرنگ داخلہ امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاکہ ہم نے پہلے ہی JEE مین اور NEET امتحان (NEET امتحانات 2020) کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے، اب ہم کسی ایک ریاست میں امتحان کیسے روک سکتے ہیں؟ آپ کو گزشتہ معاملات میں ہمارے احکامات کو دیکھنا چاہیے تھا۔
ذرائع کے مطابق افسران نے تصدیق کی ہے کہ JEE مین اور NEET امتحان 2020 اپنے شیڈول کے مطابق ستمبر میں شروع ہوگا۔ جے ای ای مین امتحان کے لئے ایڈمٹ کارڈ بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔اس سے قبل سترہ17 اگست کو سپریم کورٹ نے JEEمین اور NEET امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست خارج کردی تھی۔
سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ سماعت کے دوران جسٹس ارون مشرا نے کہا تھا کہ تعلیم سے متعلق چیزیں اب کھول دینا چاہیے، کیونکہ کورونا مزید ایک سال تک جاری رہ سکتا ہے۔